سیاست میں ن لیگ کا کردار ختم ہوچکا ہے، سیدغوث علی شاہ

مسلم لیگ کے دھڑوں کا انضمام ناممکن ہے، کورونا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد دوبارہ میدان عمل میں آکر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا نوازشریف نے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا ،نوازشریف اپنی خود پسندی اور غرور کی وجہ سے آج اس مقام تک پہنچنے ہیں، سابق وزیراعلیٰ کی خصوصی گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2021 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2021ء) سینئر سیاستدان، سابق وزیراعلیٰ سندھ اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما ء جسٹس (ر) سیدغوث علی شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کو خود پسندی نے تباہ کیا، مستقبل کی سیاست میں ن لیگ کا کوئی کرادر نہیں، کورونا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد دوبارہ میدان عمل میں آکر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں سیدغوث علی شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے دھڑوں کا انضمام ناممکن ہے، مسلم لیگ کئی حصوں میں بٹ چکی ہے اور ہر دھڑا اپنی اپنی سیاست کررہا ہے اور ن لیگ میں پارٹی کے اندر کئی گروپ کام کررہے ہیں اس لئے مسلم لیگ دوبارہ ایک ہونا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی خود پسندی اور غرور کی وجہ سے آج اس مقام تک پہنچنے ہیں، انہوں نے بتایا کہ دو بار وزیراعلیٰ رہنے کے باوجود میں نے ہمیشہ سیاسی اقدار کی پاسداری کی اور پارٹی سے وفا داری نبھائی لیکن نوازشریف نے مجھے سائیڈ لائن کردیا۔

(جاری ہے)

سیدغوث علی شاہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل ہونے کی وجہ سے نوازشریف نے میرے ساتھ ناروا سلوک کیا اور میری ساکھ کو نقصان پہنچایا اور آج مسلم لیگ کا نام لیوا کوئی نہیں ہے اور مسلم لیگ کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے ، انہوں نے بتایا کہ نوازشریف نے قید و بند کی صعوبتیں اٹھانے والے ساتھیوں کو نظر انداز کرکے ہمیشہ مفاد پرستوں کا ساتھ دیا اور یہی وجہ ہے کہ آج ان کا اپنا نام ختم ہوچکا ہے۔ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں محدود کردی ہیں، وباء میں کمی کے بعد سیاست میں فعال کردار ادا کروں گا تاہم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے تعلق کی وجہ سے جی ڈی اے کی تقریبات میں شرکت کرتا ہوں۔