پی ڈی ایم بنوں جلسہ منتظمین کیخلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیا

جمعرات 7 جنوری 2021 18:07

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2021ء) پی ڈی ایم بنوں جلسہ منتظمین کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیامقدمہ میں عوام کی بڑی تعداد جمع کرانے، روڈ بندش، آمد و رفت متاثر کرنے اور زبردستی جلسہ گاہ سجانے کے دفعات کئے گئے ہیں مقدمہ میں کورونا ایس او پیز اور انتظامیہ کے اصولوں کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کے دفعات شامل کئے گئے ہیں جس میں جمعیت علماء اسلام کے سابق ایم پی اے ملک ریاض خان، جنرل سیکرٹری حاجی نیاز خان، عوامی نیشنل پارٹی ناز علی، پی پی پی کے ملک اشفاق اور تاج محمد ایڈووکیٹ، ن لیگ کے پیر کمال شاہ، پشتونخوا میپ کے ملک شوکت ایڈووکیٹ، ملک مکرم شاہ چیئرمین کیو ڈپلیو پی کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا ہے اس سے قبل چار جنوری کو کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی، ڈی آئی جی بنوں ریجن اول خان، ڈپٹی کمشنر محمد زبیر نیازی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور جلسہ منتظمین کے درمیان تفصیلی میٹنگ ہوئی تھی جس میں جلسہ منتظمین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کورونا وائرس، ایس او پیز، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ ملتوی کریں کیونکہ بنوں میں اس وقت کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز ہیںدوسری طرف خیبر پختونخوا حکومت نے بھی سختی سے منع کیا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں میں سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی ہے اسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وقتا فوقتا سکیورٹی تھریٹس موصول ہو رہے ہیں لہذا اجتماعات سے پرہیز کریں اور قانون کا احترام کریں قانون توڑنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جلسہ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود بھی چھ جنوری کو بنوں سپورٹس کمپلیکس میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جنوبی اضلاع کی سطح پر جلسہ عام کیا گیا جس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔