جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اعظم خان کے نام پر غور

جارح مزاج بلے باز اب تک 31 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 159.65 کے سٹرائیک ریٹ سے 645 رنز سکور کرچکے ہیں ، 57 چوکے اور 41 چھکے لگارکھے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 جنوری 2021 11:36

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اعظم خان کے نام پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جنوری2021ء) جارح مزاج بلے باز اعظم خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں قومی ٹیم میں جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز کی کمی محسوس کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان کے نام پر غور شروع کردیا ہے، 22 سالہ اعظم خان پی ایس ایل فرنچائزکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں جب کہ حال ہی میں انہوں نے لنکا پریمیئر لیگ میں بھی گال گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی ہے، اعظم خان اب تک 31 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 24.80 کی اوسط اور 159.65 کے سٹرائیک ریٹ سے 645 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، انہوں نے اب تک 57 چوکے اور 41 چھکے لگارکھے ہیں اور ان کی جارحانہ بلے بازی کرنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے محمد وسیم کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے موقع دینے پر غور کررہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی سی بی نے شرجیل خان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسرا موقع دینے کا عندیہ دیا ہے۔ شرجیل خان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں موقع مل سکتا ہے۔ جارح مزاج بلے باز 3 سال سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں فاسٹ بائولر حسن علی، ٹیسٹ اوپنر امام الحق اور کراچی کے مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

26 سالہ حسن علی ورلڈ کپ 2019ء کے بعد سے ان فٹ تھے جب کہ امام الحق کے ہاتھ کے انگوٹھے میں نیوزی لینڈ میں پریکٹس کے دوران فریکچر ہوگیا تھا۔ 25 سالہ سعود شکیل پہلی بار پاکستانی ٹیم کا حصہ بنیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر شان مسعود، فاسٹ بائولر نسیم شاہ اور آل رائونڈر ظفر گوہر کو ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔

شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 2.50 کی بدترین اوسط سے صرف 10 رنز بنا سکے تھے جب کہ نسیم شاہ بھی محض 4 وکٹیں لے سکے، ظفر گوہر نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 159 رنز کی پٹائی برداشت کی لیکن کوئی وکٹ نہ لے سکے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سینئر مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کی واپسی کا کوئی چانس دکھائی نہیں دیتا۔ مصباح الحق اور بابر اعظم کی ٹیم سلیکشن سے متعلق نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ابتدائی بات چیت ہوئی ہے تاہم حتمی فیصلہ نیوزی لینڈ سے لاہور پہنچ کر میٹنگ میں کیا جائے گا۔