کراچی: سائٹ ایریا میں فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی‘8 افراد زخمی

آگ کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ لگی ‘فائربریگیڈ اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 9 جنوری 2021 12:37

کراچی: سائٹ ایریا میں فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی‘8 افراد زخمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 جنوری ۔2021ء) کراچی میں سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں فیکٹری میں لگنے والی آگ میں دیکھتے سے دیکھتے شعلے آسمانوں تک بلند ہونے لگے اور دھویں کے بادل دور سے ہی دیکھے جا سکتے تھے جس کے بعد سندھ رینجرز کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا.

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں بابر کانٹا کے قریب کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ لگی جس کے نتیجے میں تین افراد عثمان، الطاف اور محمد علی زخمی ہو گئے پولیس اور رینجرز کے جوان فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بھجانے میں مصروف ہیں جبکہ واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کر لی ہیں. ایدھی ذرائع کے مطابق آگ سائٹ ایریا میں بابر کانٹا کے قریب فیکٹری میں آگ لگی جس کے بعد ایدھی ایمبولینس اور امدادی رضاکار جائے وقوع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے سے کم از کم 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں سول برنس وارڈ اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے.

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ ایریا میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے اور انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو فوری آگ پر قابو پانے کی ہدایت کردی ہے ایڈمنسٹریٹر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ 2 مزدوروں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 6 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے.