وزیراعظم ان ایکشن ، منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

غریب دشمن منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ، وزیر اعظم عمران خان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 جنوری 2021 13:13

وزیراعظم ان ایکشن ، منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ منافع خور اور ذخیرہ اندوز غریب دشمن ہیں ، جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، شہریوں کے لیے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور ان کی وافر مقدارمیں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی صدارت میں چینی کی قیمتوں اوردستیابی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، وفاقی وزیر حماد اظہر ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمراوردیگرحکومتی اراکین نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب نے صوبے میں گنے کی فصل کی تیاری اور کرشنگ سے متعلق آگاہ کیا گیا ، اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو چینی اسٹاک سمیت کم وزن تولنے میں ملوث افراد اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کارروائیوں کے دوران 79 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ مجموعی طور پر 190 مقدمات درج گیے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف رواں سال جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ہوگیا، چینی، دالوں، گھی سمیت22 اشیاء مہنگی جبکہ 6 اشیاء انڈے، آٹا، سبزیاں سستی اور23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، چینی درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود 6 روپے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں سال 2021ء جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ہفتے 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جب کہ 22 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 6 اشیاء سستی ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے سستی ہونے والی 6 اشیاء میں آلو ایک روپے 13 پیسے فی کلو، انڈے 7 روپے 49 پیسے فی درجن، پیاز 2 روپے 3 پیسے فی کلو، ٹماٹر6 روپے 58 پیسے فی کلو، مرغی 21 روپے 30 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 25 روپے 44 پیسے سستا ہوا ہے۔ اسی طرح مہنگی ہونے والی 22 اشیائے ضروریہ میں ایک ہفتے میں لہسن 36 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، دال مسور ایک روپے 16 پیسے فی کلو، دال ماش ایک روپے67 پیسے فی کلو، دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو، دال چنا ایک روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئیں ، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 144روپے 32 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود چینی 6 روپے 6 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ہے، چینی کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، 4 ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 8 روپے 97 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ، جس سے چینی کی اوسط قیمت 90 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ۔