گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.06 فیصد اضافہ ریکارڈ، چینی اوسط 6 روپے 6 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی

ہفتہ 9 جنوری 2021 14:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2021ء) گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا،ایک ہفتے میں چینی اوسط 6 روپے 6 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی،چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 90 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپوٹ جاری کردی۔ ایک ہفتے میں چینی 6 روپے فی کلو جبکہ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے مہنگا ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 144 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے مہنگا ہوگیا، دال چنا ایک روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

(جاری ہے)

دال ماش کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتے دال مسور ایک روپے 16 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔گزشتہ ہفتے میں لہسن 36 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 25 روپے 44 پیسے سستا ہوا۔ تھیلے کی اوسط قیمت 948 روپے 34 پیسے ہوگئی۔ایک ہفتے میں مرغی 21 روپے 30 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ٹماٹر 6 روپے 58 پیسے فی کلو سستا ہوا، پیاز 2 روپے 3 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ انڈے 7 روپے 49 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ آلو ایک روپے 13 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ گزشتہ ہفتے 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔