نیوکلیئر کوڈز کو صدر ٹرمپ سے محفوظ کیا جائے، نینسی پلوسی

ٹرمپ کے پاس جوہری حملے کے اختیار اور خفیہ لانچنگ کوڈز موجود ہیں،بیان

ہفتہ 9 جنوری 2021 20:28

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2021ء) امریکی حکومت کا صدر ٹرمپ سے اعتبار اٹھنے لگا ہے، اسپیکر نینسی پلوسی نے فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ نیوکلیئر کوڈز کو صدر ٹرمپ سے محفوظ کیا جائے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی بیمار قرار دے دیا، انھوں نے امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے رابطہ کر کے نیوکلیئر کوڈز کو صدر ٹرمپ سے محفوظ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

نینسی پلوسی نے فوج سے کہا ہے کہ ٹرمپ کے پاس جوہری حملے کے اختیار اور خفیہ لانچنگ کوڈز موجود ہیں، ٹرمپ کو نیوکلیئر حملے سے باز رکھنے کے لیے ان کوڈز کو محفوظ کیا جائے۔انھوں نے کہا ذہنی طور پر بیمار ٹرمپ اور بھی خطرناک ہو سکتے ہیں، امریکیوں کو محفوظ کرنے کے لیے اب تمام اقدامات کرنا ہوں گے۔ادھر امریکی میڈیا کے قابل اعتماد ذرائع نے خبر دی ہے کہ امریکی انتظامیہ کے چند کابینہ ممبران اور ری پبلکن رہنماؤں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار سے قبل از وقت ہٹانے کے لیے 25 ویں ترمیم کو نافذ کرنے کے تناظر میں تبادلہ خیال کرنا شروع کر دیا ہے۔صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے کانگریس ارکان کی مشاورت بھی جاری ہے اور متعدد ری پبلکن ارکان صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے رضا مند ہو گئے ہیں۔