Live Updates

شہراقتدارکے مضافاتی علاقوں میں گیس، بجلی کنکشنز پرڈھائی سال سے پابندی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

اتوار 10 جنوری 2021 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2021ء) شہراقتدارکے مضافاتی علاقوں میں گیس، بجلی کنکشنز پرڈھائی سال سے پابندی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، زبردست احتجاجی مظاہرہ، شدید نعرہ بازی، حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈلائن دیدی ، بصورت دیگروزیراعظم کے گھر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا تفصیلات کے مطابق شہراقتداراسلام آباد کے (رورل ایریاز) مضافاتی علاقوں کے عوام نے اتوار کے روز بجلی، گیس کنکشنز بحالی تحریک کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں مواجات چھٹہ بختاور، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، ترامڑی، بنی گالہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام نے کثیرتعداد میں شرکت کی، جلسہ میں شریک لوگوں نے حکومت کے خلا ف شدید نعرہ بازی کی۔

اور وزیراعظم عمران خان اور علاقے سے منتخب ہونے والے ممبران اسمبلی کو شدیدتنقید کانشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پختون ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک ریاض بنگش، مفتی سعیدالرحمان، بجلی، گیس کنکشنز بحالی تحریک چیئرمین انتظار جاوید، جنرل سیکرٹری احمد فاروق، اسد ستی، اعجاز ہاشمی اورراجہ خرم نے کہا کہ اسلام آباد کے رورول ایریاز میں گذشتہ ڈھائی سالوں سے بجلی اورگیس کنکشنز پر پابندی ہے۔

انہوں نے بجلی گیس کنکشنز کی بلاجواز بندش کو عوام اوراہل علاقہ کے حقوق پر ڈاکہ قراردیا، اورکہا کہ حکمرانوں کا کام لوگوں کو بنیادی سہولیات اور ضروریات کی فراہمی ہے، جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کے ان رورل ایریاز کے لوگوں پر گزشتہ ڈھائی سالوں سے کنکشنز دینے پر بلاجواز پابندی عائد کررکھی ہے جس کی جتنے بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بنیادی حق سے محروم ہیں پانیل بجلی اورگیس کی کنکشن پرپابندی عائد کرکے ہمیں بنیادی ضروریات سے محروم رکھاجارہاہے انہوں نے کہا کہ پہلے پانچ مرلہ پلاٹ کے انتقال اور رجسٹری پر 15ہزار روپے پر خرچ آتاتھا، جبکہ اب پانچ مرلہ پلاٹ کی رجسٹری پر دو لاکھ نوے ہزار روپے خرچ آتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہمیں ان بنیادی سہولیات سے محروم رکھاجارہاہے انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی ایماء پراسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں بجلی، گیس کنکشنز پر بلا جواز پابندی عائدکی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج ہماری تحریک کے شروعات ہیں اور ہم ان مسائل کے حل کے لئے آخری حد تک جائیں گے، حکومت ہوش کے ناخن لے، ہمارے نمائندے ہمارے مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، آج ان کی نااہلی کیوجہ سے ہم مجبوراً سڑکوں پر نکل آئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ مجبوراً وزیراعظم کے گھر کا گھیراؤ کریں گے۔ اس موقع پر پختون ایکشن کمیٹی کے صدرملک ریاض بنگش نے کہا کہ ہم اس تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں حق چھیننے کے لئے سڑکوں پر آنا ہوگا نااہل حکمرانوں سے عوام پریشان ہوچکے ہیں۔

ان نااہل لوگوں کو حکمرانی کاکوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انصاف کے علمبرداروں کی حکومت میں عوام زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اس موقع پر بجلی، گیس کنکشنز بحالی تحریک کے زیراہتمام پارک روڈ پر ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی جس میں شریک لوگوں نے وزیراعظم عمران خان اورحکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جبکہ مسئلہ حل کرنے کیلئے مظاہرین نے حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے خبردارکیا کہ اگر ایک ہفتہ میں بجلی،گیس کنکشنزپرعائد پابندی ختم نہ کی گئی تو وہ بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کے گھرکاگھیراؤ کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات