سعودیہ میں غیر قانونی دھندہ کرنے والا بھارتی گینگ پکڑا گیا

بھارتی گینگ مقامی اور تارکین وطن کے شناختی کارڈز نمبر چُرانے کے بعد ان کے نام سے غیر قانونی سمز جاری کر رہا تھا، 3224 سمرز، لیپ ٹاپس، فنگر پرنٹ ریڈرز اور ہزاروں سعودی ریال بھی برآمد ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 جنوری 2021 13:39

سعودیہ میں غیر قانونی دھندہ کرنے والا بھارتی گینگ پکڑا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 جنوری2021ء) سعودی عرب میں غیر قانونی دھندہ کرنے والا ایک غیر ملکی گینگ پکڑا گیا ہے۔ 8 افرا د پر مشتمل اس گینگ میں سات افراد کا تعلق بھار ت سے جبکہ ایک کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے سنیپ چیٹ کے آفیشل اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ یہ ملزمان غیر قانونی طور پر موبائل سمز کی فروخت کا کاروبار چلا رہے تھے۔

ملزمان ہزاروں مقامی اور تارکین وطن کے شناختی کارڈز کے نمبر حاصل کر کے ان کے نام پر دوسروں کو سمز جاری کر رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف مخبری ہونے پر ان کی نگرانی کی گئی اور پھر تصدیق ہونے کے بعد ان کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے گینگ کے قبضے سے 3224 موبائل سمز برآمد ہوئیں اس کے علاوہ 6 فنگر پرنٹ ریڈرز، 3 لیپ ٹاپ، 16 موبائل فونز اور 4060 سعودی ریال بھی برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف دھوکا دہی اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے،مقدمہ چلانے کے لیے انہیں جلد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی بھارت اور بنگلہ دیش سے علق رکھنے والے افراد کا ایک گینگ پکڑا گیا تھا۔ 9 افراد کے اس گینگ کی عمریں 30 سال سے 50 سال کے درمیان ہیں۔ ان افراد نے اپنی رہائش گاہوں پر ہی غیر قانونی موبائل سمز کی فروخت کا اڈہ بنا رکھا تھا۔

یہ مقامی اور تارکین وطن کے شناختی دستاویزات پر دوسرے افراد کو سمز جاری کیا کرتے تھے۔ چھاپے کے وقت ملزمان کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کی37,557سمز برآمد ہوئیں، اس کے علاوہ 155موبائل سیٹ اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل جعلی اقامہ کارڈز اور موبائل سمز کا دھندا کرنے والے ایک فراڈیئے گینگ کو گرفتار کیاگیا تھا جس کے تمام افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔

ملزمان اپنی رہائش کو جعلی سم اور اقامہ کارڈ تیار کرنے کے اڈے میں تبدیل کیے ہوئے تھے- مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام سے موبائل سم تیار کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔ریاض پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مقامی موبائل کمپنیوں کی 577 موبائل سم برآمد ہوئیں جبکہ متعدد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے شناختی کارڈز اور اقاموں کی فوٹو کاپیاں اور فنگر پرنٹس کے نمونے بھی ان کے قبضے میں پائے گئے- دو لیپ ٹاپ، تین پرنٹرز، چار فنگر پرنٹ کی ریڈنگ کرنے والی مشینیں اور جعلی اقامہ کی تیاری میں کام آنے والا ایک پرنٹر برآمد ہوا- علاوہ ازیں اقامہ سائز کے 160 کارڈ بھی ضبط کیے گئے۔ جن پر اقامے کی تفصیلات پرنٹ کی جاتی تھیں۔