ریاست عوام کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے ، لیاقت بلوچ

عوام کے جان ، مال ، عزت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن عمران خان نے سانحہ کوئٹہ پر مظلوم ہزارہ کمیونٹی سے سوتیلی ماں کا ظالمانہ اور سنگدلانہ سلوک کیا ریاستی ادارے عوام کو تحفظ دینے میں کیوں نا کام ہیں یہ سوچنا قومی قیادت کی ذمہ داری ہے ، وکلا اور گجرات بار سے خطاب

پیر 11 جنوری 2021 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریاست عوام کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ریاست کی اکائیاں اور مظلوم و متاثرہ عوام ریاست سے داد فریاد کرنے کا حق رکھتے ہیں ۔ عوام کے جان ، مال ، عزت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن عمران خان نے سانحہ کوئٹہ پر مظلوم ہزارہ کمیونٹی سے سوتیلی ماں کا ظالمانہ اور سنگدلانہ سلوک کیا ۔

جماعت اسلامی ہزارہ کمیونٹی اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ بار بار دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے ۔ ریاستی ادارے عوام کو تحفظ دینے میں کیوں نا کام ہیں یہ سوچنا قومی قیادت کی ذمہ داری ہے ۔گجرات ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب صدر انصر چودھری کو مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے وکلا اور بار سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلو چ نے کہاکہ بارز میں انتخابات شاندار اور جمہوری روایت ہے ۔

سول سوسائٹی میں وکلا اور بارز کی بڑی اہمیت ہے۔ہر سال انتخاب اور شفاف آزادانہ ، غیر جانبدارانہ طرز انتخاب شاندار ماڈل ہے ۔ وکلا برادی قومی محاذ پر ٹاسک سنبھالے اور عام انتخابات سے ریاستی اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کی تحریک کا حصہ بنیں ۔ قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ آئین سے بالادست عدلیہ سے ماورا نظام ختم ہوں اور بائیس کروڑ عوام اللہ کے عطا کردہ وسائل کی بنیاد پر پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی دعوت ، تبلیغ اور اصلاح کی ہمہ گیر تحریک ہے ۔ دینی ،مسلکی، قبائلی ،برادریوں ، لسانی ، علاقائی شدت و تقسیم نے پوری قوم کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا ہے ۔ بائیس کروڑ عوام کو تقسیم کر کے مٹھی بھر بگڑا اشرافیہ اور ریاستی طاقت کا شکنجہ عوام کے لیے عذاب بن گیاہے ۔ سیاسی جمہوری قوتوں نے اقتدار کے حصول کے لیے ہر منفی حربہ کی محدود سوچ کے ساتھ سیاست، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو تباہ کردیا ہے ۔

جماعت اسلامی کی تحریک عوام کی بیداری ،عوام کو منظم کرکے اسلام ، آئین اور نظام عدل کی حکمرانی قائم کرناہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ، پاکستان بحرانوں سے نجات پائے گا اور اسلامی و خوشحال ہوگا۔لیاقت بلوچ نے جہلم میں سابق ضلعی امیر بزرگ رہنما ڈاکٹر عبدالرزاق کے انتقال پر بیٹوں سے تعزیت کی ۔ ڈاکٹر طارق سلیم ، سید ضیاء اللہ بخاری ، عرفان ، عمران انور چودھری بھی موجود تھے