گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہری بلبلا رہے ہیں، صارفین بلنگ کی وجہ سے پریشان ہیں، عقیل احمدخان

صارفین ماہانہ بنیادوں پر گیس کا بل جمع کرواتے ہیں اس کے باوجود سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں،امیرجماعت اسلامی حیدرآباد

پیر 11 جنوری 2021 23:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہری بلبلا رہے ہیں، صارفین بلنگ کی وجہ سے پریشان ہیں، وہ ماہانہ بنیادوں پر گیس کا بل جمع کرواتے ہیں اس کے باوجود سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں، ایک بیان میں عقیل خان نے کہا کہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ کئی برسوں سے ایک طرف سوئی گیس کی بندش ہوتی ہے تو دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے مالی مشکلات کا سبب بنتا ہے، گیس کی عدم فراہمی کے باعث روزمرہ معمولات بری طرح سے متاثرہورہے ہیں، مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب لوگوں کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانے کی اشیاء مہنگے داموں خریدنیکی سکت عوام میں نہیں ہے لیکن شہری ہوٹلو ں سے کھانا لینے پر مجبور ہیں، انہوںنے کہا بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہونا چاہیے لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ بنیادی ضروریات زندگی کوبناتی ہیں بجلی گیس اورپیٹرول عوام کی لازمی ضرورت بن گئی ہیں، گھریلوصارفین ،گھریلوصنعت اورمشترکہ خاندان میں رہنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

گھروں میں چھوٹے موٹے کام کرنے والے مزدور اورخواتین جن کاروزگارہی گیس سے چلتاہے ۔شدید اذیت میں مبتلا ہیں، انہوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل اوربعدمیں حکومت نے بلندبانگ دعوے کیے تھے لیکن عملاًاس کے الٹ کیاجارہاہے حکومت کی کوئی معاشی پالیسی ہے ہی نہیں اگر ہے تووہ پچھلی اورموجودہ حکومت کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے بے شک ملک کووسائل کی شدیدضرورت ہے لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ اس کاتمام تربوجھ غریب آدمی پر لاد دیاجائے، سوئی سدرن گیس انتظامیہ مسائل حل کرے اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو دیگر مسائل کے ساتھ سوئی گیس آفس کا گھیرائو کر کے دھرنا تحریک چلائیں گے۔