لوٹ مار کے مال پر بٹوارے کے دوران جھگڑے کے دوران پاکستانی ساتھی کو قتل کرنے والے افغانی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا

منگل 12 جنوری 2021 14:22

لوٹ مار کے مال پر بٹوارے کے دوران جھگڑے کے دوران پاکستانی ساتھی کو قتل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) لوٹ مار کے مال پر بٹوارے کے دوران جھگڑے کے دوران پاکستانی ساتھی کو قتل کرنے والے افغانی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے لوٹ کے مال کے بٹوارے کے دوران جھگڑے میں اپنے ساتھی کو قتل کرنے والے افغانی ملزم امان اللہ عرف شینا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے لوٹ مار کے مال پر جھگڑا ہونے پر اپنے پاکستانی ساتھی احسان اللہ باجوڑی کو فائرنگ کر کے قتل کردیاتھا۔پولیس کے مطابق ملزمان آئس جیسا مہنگا نشہ کرتے تھے، نشے کو پورا کرنے کے لیے جرائم کی وارداتیں کرتے تھے،ملزمان 100 سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کر چکے ہیں۔ملزم نے اسٹریٹ کرائم کے لیے باقاعدہ گروہ بنا رکھا تھا۔ملزم امان اللہ اور مقتول احسان باجوڑی نے متعدد وارداتیں ساتھ کی تھیں۔ملزمان لوٹ مار کے مال کا بٹوارہ کر رہے تھے اختلاف پر جھگڑا ہوا،امان اللہ نے ساتھی احسان باجوڑی کو گردن پر گولی ماری۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا مزید سابقہ ریکارڈ معلوم کیا جا رہا ہے ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔