اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت خارجہ کی پیش کردہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہی: الطاف شکور

منگل 12 جنوری 2021 17:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے پر غلط بیانی اور بد نیتی کا مظاہرہ کر کے قوم کو مزیدگمراہ نہ کرے۔ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں حکومت کی بے حسی ، غیر سنجیدگی اور وزارت خارجہ کی مجرمانہ غفلت اور اہم قومی مفادات سے روگردانی ایک بار پھر کھل کر واضح ہو گئی ہے۔

عدالت میں جج صاحب کے سامنے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عافیہ واشنگٹن کی جیل میں ہے جبکہ عافیہ ٹیکساس کی ایف ایم سی کارزویل جیل میں ہے۔ عمران خان کی حکومت بھی اپنے آپ کو اپنے پیشروؤں سے مختلف ثابت نہیں کرسکی ہے۔ کورونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلاؤ کا شکار امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی زندگی مسلسل خطرے میں ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملات کو ناکام بنارہی ہے یہ قومی اور تاریخی ناقابل معافی جرم ہیں ۔

کیا وزارت خارجہ میں بیٹھے ہوئے افسران کا مقصد صرف بیرون ملک شہریتیں اور ذاتی مفادات حاصل کرنا رہ گیا ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر عافیہ فیملی کو لاعلم رکھنا اور مشاورت سے محروم کرنا وزارت خارجہ کی منافقت اور دھوکہ دہی ہے ۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹ امریکہ نہیں بلکہ پاکستانی حکومت ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے 11جنوری 2021کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس کے حوالہ سے ہونے والی کاروائی کے بعد پاسبان کی آن لائن میٹنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بھی وہی ڈھاک کے تین پات والا معاملہ چل رہا ہے ۔ ملک پر گذشتہ بارہ سالوں سے نااہل قیادت مسلط ہے۔ معزز عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت خارجہ کی پیش کردہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ اور ناقابل قبول ہے جس پر عدالت نے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

قوم کی معصوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے معاملے سے عدم دلچسپی اور وزارت خارجہ کا طرز عمل مضحکہ خیزہے ۔ حکومت، وزارت خارجہ اور بیوروکریسی کی نااہلی اور بے حسی بے نقاب ہوگئی ہے کہ عام پاکستانی شہری کی زندگی کے معاملے میں بھی سرکار اور سرکاری حکام کی دلچسپی صفر ہے۔ دیگر سیاستدان و سماجی اور مذہبی جماعتیں اور انسانی حقوق رہنما وکلا رہنما اور طلبہ رہنما وزارت خارجہ کے اقدامات اور عافیہ واپسی کی راہ میں حائل سازشوں کی کھل کر پرزور مذمت کریں ۔

ڈھائی برسوں میں وزیرخارجہ عافیہ صدیقی کی اپنی بچوں و فیملی سے ایک فون کال نہ کرواسکیں تو یہ کتنی شرمناک بات ہے ۔ ثابت ہو گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کی وطن واپسی میں اصل رکاوٹ بیرونی نہیں اندرونی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کو کالی بھیڑوں سے پاک کریں تاکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے الیکشن مہم اور پی ٹی آئی منشور میں ساری قوم سے کیا گیا وعدہ وفا ہو سکے۔پاکستانی قوم اور عافیہ فیملی شدید تشویش میں مبتلا ہیں کہ ملک و بیرون ملک عافیہ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے جسے قوم سے چھپایا جا رہا ہے۔