لبنان میں کورونا بے قابو؛ فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا

منگل 12 جنوری 2021 22:24

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) لبنان میں کورونا وبا بے قابو ہونے پر فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا اور ملک بھر میں 10 روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق لبنان میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فوج نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور 14 جنوری صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں ایمرجنسی کے نفاذ، لاک ڈائون اور کرفیو سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام اسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اٴْن کے خلاف کارروائی ہوگی۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی ، بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔ عوامی مقامات بند، تقریبات اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔لبنانی فوج کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کرفیو سے مستثنیٰ صرف وہ افراد اور ادارے ہوں گے جنہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا ہوگا۔