لبنان میں حالات کشیدہ، فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا

لبنانی فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک بھر میں 10 روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 12 جنوری 2021 21:37

لبنان میں حالات کشیدہ، فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا
لبنان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری 2021ء) لبنان میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث لبنانی فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں کورونا وبا بے قابو ہونے پر فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ملک بھر میں 10 روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ لبنان میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فوج نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور 14 جنوری صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں ایمرجنسی کے نفاذ، لاک ڈاؤن اور کرفیو سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اور اس ضمن میں کئی ممالک نے سخت لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کردیا ہے۔ برطانیہ نے بھی تمام ممالک کے لیے فضائی پروازیں منسوخ کردی ہیں جبکہ کئی عرب ممالک بھی اپنی سرحدیں بند کر چکے ہیں، کورونا وائرس کی نئی لہر کے خطرے کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔