عالمی بینک کی لبنان کے انتہائی متاثرہ شہریوں کی امداد کے لیے 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی منظوری

بدھ 13 جنوری 2021 14:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2021ء) عالمی بینک نے اقتصادی مشکلات اور کورونا وبا کے شکار لبنان کے 7 لاکھ 86 ہزار متاثرہ شہریوں کی امداد کے لیے 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں جنگ زدہ لبنان جو اقتصادی مشکلات اور کورونا وائرس کی صورتحال سے متاثر ہے، کے 7 لاکھ 86 ہزار متاثرہ شہریوںکی امداد کے لیے 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا ہنگامی امدادی پیکیج منظورکیا گیا ہے، اس سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 47 ہزار انتہائی غریب گھرانے مستفید ہوں گے جنھیں فی فرد 1 لاکھ لبنانی پانڈ (65 ڈالر) اس کے علاوہ بھی ہرگھرانے کو مجموعی طور پر 2 لاکھ لبنانی پائونڈ ادا کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 سے 18 سال کے 87 ہزار لبنانی بچوںکو تعلیمی اخراجات کے لیے نقد رقم فراہم کی جائے گی جس میں فیس، کتابوں ، ٹرانسپورٹ اور یونیفارم سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔واضح رہے کہ لبنان کی آبادی 60 لاکھ سے زیادہ ہے تاہم وہ 1975سے 1990 تک جاری رہنے والی جنگ کے باعث اب تک اقتصادی بحران کا شکار ہے۔