میں کسی بھی قسم کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں

خدارا قانون مت توڑیں،اچھے شہری بنیں،ٹرمپ کی امریکیوں کو اپیل

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 14 جنوری 2021 07:00

میں کسی بھی قسم کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں
 واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2021ء) ایسا لگتا ہے کہ واشنگٹن میں مارشل لا لگ گیا ہے کیونکہ وہاں شہری کم اور آرمی کے جوان زیادہ نظر آ رہے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق صرف واشنگٹن شہر میں آرمی کے بیس ہزار نوجوان تعینات کیے گئے ہیں جنہوں نے گزشتہ رات کیپیٹل کے فرش پر لیٹ کر رات گزاری۔ایجنسیوں کی خبروں کے مطابق امریکہ میں سویلین نافرمانی کے خطرے کے ساتھ ساتھ تشدد کا خدشہ بھی ہے لہٰذا ایسی کسی بھی تحریک سے نمٹنے کے لیے ہزاروں فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

کیپیٹل پر حملے کے بعد سے اب تک امریکہ میں اَن ریسٹ ہے اور ایسے خدشات موجود ہیں کہ کچھ بھی بڑا اور بھیانک ہو سکتا ہے لہٰذا اس حوالے سے انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایکٹو ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ان ممکنہ خدشات کے پیش نظر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اپنے سپورٹرز سے کہا ہے کہ شانت ہو جائیں اور تشدد کی راہ مت اپنائیں۔

انہو ںنے کہا کہ اگرچہ الیکشن کے نتائج مجھے قبول نہیں مگر یہ ہماری روایت نہیں جو کچھ ہو رہا ہے۔ٹرمپ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں کسی بھی قسم کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں چاہے کوئی ڈیموکیٹک ہے یا پھر ری پبلیکن اسے قانون توڑنے اور فساد پھیلانے کا کوئی حق نہیں ا ور ایسے شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق نبٹا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ قانون پر عمل درآمد کرنے والا ملک ہے اور یہاں قانون توڑنے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لہٰذا میں سبھی امریکی شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ پرسکون رہیں اور قانون کو ہاتھ میں مت لیں۔کسی قسم کی دھڑے بندی اور جتھے بازی سے گریز کریں اور توڑ پھوڑ سے بھی اجتناب برتیں۔جو ہمارے لا اینڈ فورسمنٹ کے ادارے کہتے ہیں ویسے کیا جائے اور ملک کا امن ہر صورت میں بحال رہنا چاہیے۔ایف بی آئی کی خفیہ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے مسلح ساتھیوں نے ملک بھر میں حالات خراب کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور خاص طور پر واشنگٹن پر چڑھائی کی جائے گی جس وجہ سے وہاں آرمی کے زیادہ جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

تاہم ٹرمپ نے ویڈیو بیان میں اپنے حامیوں اور سبھی شہریوں کو پرسکون رہنے،قانون نہ توڑنے اور کسی قسم کا دنگا فساد برپا کرنے سے منع کیا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے یہ امریکہ نہیں ہے اور نہ ہی میں ایسے امریکہ کا حامی ہوں،میں سبھی شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ پریشانیاں پیدا مت کریں اور پر سکون ہو جائیں۔تاہم ابھی دیکھنا یہ ہے کہ ٹرمپ کے اس ویڈیو بیان سے اس کے حواری کیا نتیجہ اخذ کرتے ہیںا ور امریکہ کے حالات کون سا تاریخی موڑ مڑتے ہیں اس کا پتا آمدہ روز میں چلے گا۔