سکیورٹی فورسزکا دہشتگردوں کیخلاف شمالی وزیرستان میں خفیہ آپریشن

خفیہ آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک مارے گئے،ان دہشتگردوں میں ایک آئی ای ڈی بنانے کا بھی ماہر تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 سپاہی بھی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 جنوری 2021 17:20

سکیورٹی فورسزکا دہشتگردوں کیخلاف شمالی وزیرستان میں خفیہ آپریشن
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد جاری ہے، سکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان میںآ پریشن کرکے 2 دہشتگرد ہلاک کردیے، فائرنگ کے تبادلے میں 3 سپاہی بھی شہید ہوگئے، ان دہشتگردوں میں ایک آئی ای ڈی بنانے کا بھی ماہر تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا، فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشتگردوں میں ایک آئی ای ڈی بنانے کا ماہر تھا۔

تاہم دہشتگردوں سے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے 3 سپاہی بھی شہید ہوگئے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے کرک کے رہائشی سپاہی ازیب احمد، اورکزئی کے لانس نائیک عباس خان، بنوں کے رہائشی سپاہی ضیاء السلام نے جام شہادت نوش کیا۔ مزید برآں ایل اوسی پر بھی بھارتی فوج کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں اور اشتعال انگیزیاں جاری ہییں آج پھر بھارتی فوج نے ایل اوسی دیوا ایکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کردی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 28 سالہ سپاہی نبیل لیاقت شہید ہوگئے، شہید نبیل لیاقت کا تعلق گوجر خان سے ہے۔

شہید نبیل لیاقت نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا مردانہ وار سامنا کیا اور لڑے ہوئے وطن عزیز پر قربان ہوگئے، بتایا گیا ہے کہ پاک فوج نے بھاتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے فوری اور مئوثر جوابی کاروائی کی، جس میں بھارتی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔