سعودی عرب میں سڑک پار کرنے والوں کے لیے اہم وارننگ جاری ہو گئی

راہگیروں کو روڈکراس کرتے وقت 6 باتوں کا خصوصی خیال رکھنا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 جنوری 2021 13:54

سعودی عرب میں سڑک پار کرنے والوں کے لیے اہم وارننگ جاری ہو گئی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جنوری2021ء) سعودی عرب میں راہگیروں کے کچلے جانے کے کئی واقعات پیش آتے ہیں۔ جس کی بڑی وجہ غیر ذمہ داری سے سڑک پار کرنا اور بعض ڈرائیورز کی لاپرواہ اور تیز رفتار ڈرائیونگ ہے۔ اس حوالے سے محکمہ ٹریفک نے راہگیروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر آگاہ کیا ہے کہ لوگ سڑک کراس کرنے سے قبل مندرجہ ذیل 6 باتوں کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ان کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

پہلی احتیاط یہ ہے کہ سڑک پار کرنے کے لیے ایسی مناسب جگہ کا استعمال کیا جائے جہاں ہر طرف سے آنے والی ٹریفک پر نگاہ رکھی جا سکے۔دوسری یہ کہ سڑک اسی وقت پار کی جائے جب گاڑیاں دُور ہوں۔ گاڑی کے قریب ہونے کی صورت میں سڑک پار کرنے سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

اگر کسی اشارے یا چوک سے سڑک کراس کر رہے ہیں تو اس بات کی تسلی کر لی جائے کہ جہاں سے سڑک پار کرنی ہے وہاں کا اشارہ بند ہونے کی وجہ سے گاڑیاں رُکی ہوئی ہیں۔

سڑک عبور کرتے وقت تیزی سے کام لیا جائے۔ سڑک پر ٹہلنا یا آرام سے پار کرنا محفوظ نہیں ہے۔ اس دوران موبائل فون کا استعمال ہرگز نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ ایسی صورت میں نظر سڑک اور اس پر سے گزرنے والی ٹریفک سے ہٹ جاتی ہے۔ راہگیر زیبرا کراسنگ قریب ہونے کی صورت میں وہیں سے سڑک کراس کریں یا پھر اوور ہیڈ برج سے یہ کام کیا جائے۔ کسی بچے کو اکیلے سڑک عبور کرنے نہ دی جائے۔

یہ بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں لین سسٹم کی خلاف ورزی نوٹ کرنے کے لیے متعدد شہروں میں جدید ترین نظام نے کام شروع کر دیا ہے۔ سعودی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ لین سے متعلق آٹومیٹک سسٹم کے باعث ان ہزاروں ڈرائیورز کی نشاندہی ہو سکے گی جو لین کی پابندی نہیں کرتے اور بغیر انڈیکیٹر دیئے دوسری لین میں گاڑی لے جاتے ہیں، جس سے خطرناک حادثات رونما ہوتے ہیں ۔

نئے سسٹم کی بدولت لین کی خلاف ورزی پر ٹریفک کنٹرول روم کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ جس کے بعد خلاف ورزی میں ملوث ڈرائیورز پر 300ریال سے 500 ریال تک کا جرمانہ عائد ہوگا۔محکمہ ٹریفک کی جانب سے انتباہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ شاہراہوں پر لین کی خلاف ورزی حادثات کو جنم دیتی ہے۔ اس لیے تمام ڈرائیورز اور مسافروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے لین کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔ ڈرائیورز کو چاہیے کہ وہ لین تبدیل کرنے سے پہلے انڈیکیٹر لازمی دے اور اس بات کا اطمینان کر لے کہ جس لین پر وہ گاڑی کو منتقل کر رہا ہے، اس پر پیچھے سے آنے والی گاڑی قریب نہیں پہنچ گئی ہے تاکہ تصادم کی نوبت پیش نہ آئے۔