پروٹیز پاکستان میں سکیورٹی کی فکر سے آزاد ہیں:مارک بائوچر

فلیٹ پچز پر پلیئرزمکمل صلاحیت سے کھیلے تو رنز کے ڈھیر لگا سکتے ہیں : ہیڈ کوچ جنوبی افریقی ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 جنوری 2021 14:10

پروٹیز پاکستان میں سکیورٹی کی فکر سے آزاد ہیں:مارک بائوچر
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جنوری 2021ء ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کہا کہ ہمارے ماہرین نے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کوٹیم کے لیے محفوظ قرار دیا ہے۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 2007ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے، وہ اس دورے میں 2 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں شیڈول ہے، پروٹیز کو پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی فکر نہیں جس کی تصدیق خود ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کردی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی ماہرین نے پاکستان کا دورہ کیا اور سکیورٹی کی صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد اسے ہمارے لیے محفوظ قرار دیا، ہم وہاں جا کر دوبارہ سے کرکٹ کھیلنا شروع کریں گے۔ 44 سالہ مارک باؤچر نے 1997ء میں پاکستان میں ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد 15 سالہ شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے 147 ٹیسٹ میچز کھیلے، مارک بائوچر کا کہنا تھا کہ دیگر ایشیائی ممالک کی بانسبت پاکستانی کنڈیشنز ہماری ٹیم کے لیے زیادہ موزوں ہوں گی، یہ مشکل ضرورہے مگر ان پچز پر پاکستان باقاعدگی سے اچھے فاسٹ بائولرز متعارف کروا رہا ہے جو ریورس سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، وہاں کی پچز فلیٹ ہیں لیکن اگر بلے باز اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ کھیلے تو رنز کے انبار لگا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مارک باؤچر نے کوچنگ سٹاف میں مایہ ناز سابق آل رائونڈر جیک کیلس کی بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ واپسی کی بھی امید ظاہر کی جنہوں نے انگلینڈ کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کیا تھا، باؤچر کا کہنا تھا کہ وہ شدت سے ان کی اپنی ٹیم میں واپسی کے خواہش مند ہیں۔

متعلقہ عنوان :