ویڈیو گیمز کو پاکستان میں باقاعدہ کھیلوں کا درجہ مل گیا

پاکستان سپورٹس بورڈ، سائنس فائونڈیشن کے درمیان یادادشت طے پا گئی ہے جسکے بعد ای سپورٹس کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہو گا:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 جنوری 2021 15:32

ویڈیو گیمز کو پاکستان میں باقاعدہ کھیلوں کا درجہ مل گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جنوری 2021ء ) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ای سپورٹس کو اب پاکستان میں باضابطہ کھیل سمجھا جائے گا۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے میں پیغام میں گیمرز کو یہ خوش خبری سنائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ ’’پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فائونڈیشن کے درمیان یادادشت طے پا گئی ہے جس کے بعد E-Sports کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہو گا، اگر آپ کو ویڈیو گیمز سے دلچسپی ہے تو تیار ہو جائیے اور نئے مواقع آپ کے منتظر ہیں‘‘۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے گذشتہ ماہ انکشاف کیا تھا کہ نجی سطح پر سپانسرشپ کے ذریعے مارچ میں قومی سطح کا ای سپورٹس ٹورنامنٹ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری سالانہ 20 فیصد بڑھ رہی ہے۔ 2019ء میں ٹیکن کے کھلاڑی ارسلان ایش لاس ویگاس میں ٹیکن 7 چیمپئن شپ جیتنے کے بعد ای سپورٹس ملک بھر میں مقبولیت اختیار کر گیا۔