مقبوضہ کشمیرمیں مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کیلئے کشمیریوںکی صفوں میں اتحاد و اتفاق پر زور

جمعہ 15 جنوری 2021 16:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) جموںو کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام صدر محمود احمد ساغرنے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں بھارت کے جارحانہ اور مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے کشمیریوںکی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق کے فروغ کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے اس اہم مرحلے میں کشمیری عوام کے فکر و عمل اور سوچ میں مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام آزادی پسند جماعتیں شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور بھارتی تسلط سے آزادی کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے ایک پلیٹ فورم پر اکٹھی ہوجائیں کیونکہ کشمیری قوم نے اسی عظیم مقصد کیلئے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔

(جاری ہے)

محمود احمد ساغر نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء اور پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھی جاری جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان وسیع البنیاد اتحاد و اتفاق انتھک کوششیں کی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ محمود ساغر نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد کشمیریوں کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوںکے تمام بنیادی حقوق اور آزادیاں مکمل طورپر سلب ہیں اور کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوںکو بھی بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسیوںنے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی سے روک دیا ۔ انہوںنے کہاکہ اس جبری خاموشی کو توڑنے کیلئے عالمی برادری کی حمایت کے حصول کی غرض سے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںکاکردار اہم ہے ۔