امریکہ، گزشتہ ہفتے امریکہ میں بے روزگاروں میں 9 لاکھ 65 ہزار کا اضافہ

امریکہ میں مختلف کمپنیوں نے دسمبر کے مہینے میں ایک لاکھ 40 ہزار ملازمتوں کے مواقعے کی کٹوتی کی،لیبرڈیپارٹمنٹ

جمعہ 15 جنوری 2021 16:32

امریکہ، گزشتہ ہفتے امریکہ میں بے روزگاروں میں 9 لاکھ 65 ہزار کا اضافہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) کرونا وائرس کے جاری بحران میں امریکہ میں گزشتہ ہفتے بے روزگاری الاونس کے لیے درخواست دہندہ لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہواہے۔دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکہ کووڈ نائنٹین سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبر ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایاگیاکہ گزشتہ ہفتے نو لاکھ 65 ہزار لوگوں نے بے روزگاری الاونس کے لیے درخواستیں دیں۔

یہ تعداد اس سے پہلے کے ہفتے کی ایک لاکھ 81 ہزار درخواستوں سے کہیں زیادہ رہی۔ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مختلف کمپنیوں نے دسمبر کے مہینے میں ایک لاکھ 40 ہزار ملازمتوں کے مواقعے کی کٹوتی کی۔عالمی وبا کے امریکہ کو مارچ 2020 میں آ لینے کے بعد ملازمتوں میں کی یہ سب سے بڑی کٹوتی تھی۔

(جاری ہے)

جو بائیڈن کے جنوری 20 کو امریکہ کی صدارت سنبھالنے سے کچھ روز قبل اب امریکی معیشت کو مزید چیلنجز کا سامنا ہے کیو نکہ ہر روز ہزاروں افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باعث کاروبار کے اوقات کار میں کمی کی جا رہی ہے تاکہ وائرس کے مزید پھیلا کو روکا جا سکے۔پچھلے ہفتے تک بے روزگاری الاونس کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد سات سے آٹھ لاکھ کے درمیان چلی آ رہی تھی۔ اس کے مقابلے میں وبا پھوٹنے کے بعد مارچ 2020 میں تقریبا 70 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے تھے۔گزشتہ دس ماہ میں بے روزگاری کی شرح امریکہ میں 1960 کے عشرے کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ شرح رہی ہے۔

وفاقی حکومت نے بے روزگار افراد کو ہفتہ وار 300 ڈالر کی اضافی رقم دینی شروع کر دی ہے۔ انہیں اس کے علاوہ ریاستوں کی طرف سے بھی الاونس دیا جاتا ہے۔توقع ہے کہ نو منتخب صدر بائیڈن اپنے پلان میں بے روزگار افراد کے لیے دی جانے والی وفاقی اضافی امداد کا اعلان کر یں گے۔