ْایاز درانی قتل کیس‘چیف سیکرٹری آزادکشمیر،آئی جی آزادکشمیرجے آئی ٹی ٹیم بنائیں‘ورثاء

جمعہ 15 جنوری 2021 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) ایاز درانی کے قتل کے بعد ورثاء نے صبر او رتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر،آئی جی آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی ٹیم بنائیں جس میں ایس ایچ او تھانہ سٹی راشد حبیب اور انچارج سی آئی اے جاوید گوہر کو شامل کریں ایاز درانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکریں ،احتجاج یا مظاہرہ کرنا ہمارا منشور نہیں ،اعجاز درانی کا موقف۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لوئر چھتر میں ایاز درانی کا قتل ایک نیا رخ اختیار کرگیا جبکہ ورثاء نے شدید احتجاج یا مظاہرہ کرنے کے بجائے ایاز درانی کو دفنا دیا گیا ،ورثاء کا کہنا ہے کہ ایاز درانی کے قاتلوں کو گرفتاری کیلئے فوری طور پر جے آئی ٹی کی ایک ٹیم آئی جی آزادکشمیر کی سربراہی میں بنائی جائے جس میں ایس ایچ او تھانہ سٹی راشد حبیب مسعودی اور انچارج سی آئی اے جاوید گوہر کو اِس ٹیم میں شامل کیا جائے تاکہ وہ اصل ملزمان تک پہنچ سکیں ،ورثاء کے مطابق ایاز درانی گاڑیوں کی خرید و فروخت کے کاروبار بھی کرتے تھے جبکہ گزشتہ کچھ روز قبل اٹھ مقام بھی گاڑیوں کے خرید و فروخت کے سلسلے میں گئے جبکہ اُن کے پاس قتل سے قبل 7،ساڑھے 7لاکھ روپے موجود تھا جس میں سے 5لاکھ روپے بینک اکائونٹ میں جمع کروائے گئے جبکہ 2سے ڈھائی لاکھ روپے اُن کے پاس موجود تھا جہاں وہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے وہاں پر اُن کو قتل کیا گیا جبکہ اُسی جگہ پر بریانی کی خالی پلیٹیں موجود پائی گئی ہیں اور دوسرے کمرے میں گدے بھی موجود تھے جو کہ سوالیہ نشان ہیں ،قاتلوں نے قتل کرنے کے بعد اُن کی جیب سے تمام پیسے بھی نکال لئے اور موبائل بھی لے گئے،ایازدرانی کے بھائی اعجاز درانی نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر ،انسپکٹر جنرل آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جے آئی ٹی کمیٹی تشکیل دیں ،ایاز درانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کریں بصورت دیگر ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔