اسرائیل فلسطینیوں کو مساوی بنیاد پر کرونا ویکسین فراہم کرے،اقوام متحدہ

فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے کرونا ویکسین کی درخواست پر عمل درآمد اور فراہمی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں،بیان

جمعہ 15 جنوری 2021 16:51

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے کرونا ویکسین کے معاملے میں فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کی مذمت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مندوب برائے فلسطین مائیکل لنک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو فوری اور مساوی بنیاد پر کرونا ویکسین فراہم کرے کیونکہ فلسطینیوں کو کرونا ویکسین کی فراہمی قانونی اور اصولی طور پر اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔

مائیکل لنک کا کہنا تھا کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں تک کرونا ویکسین کی رسائی مشکل ہے۔ یہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کو بھی کرونا ویکسین فراہم کرے۔یو این عہدیدار نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے کرونا ویکسین کی درخواست پر عمل درآمد اور ویکسین کی فراہمی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کیدرمیان کرونا ویکسین کی فراہمی میں امتیاز برتنا غیراخلاقی اور غیرقانونی ہے۔

موجودہ بحرانی حالت میں فلسطینیوں کو کرونا ویکسین کے معاملے میں نظرانداز کرنے کا کوئی جواز نہیں۔مائیکل لنک کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں مارچ 2002 کے بعد اب تک ایک لاکھ 60 ہزار فلسطینی کرونا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ اموات کی تعداد 1700 ہے۔ ہم اسرائیل سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں فوری اور مساوی بنیاد پر ویکسین فراہم کرے۔