’امارات کو جدید ترین ریاست بنانے میں پاکستانیوں نے بڑی مدد دی ہے‘

اماراتی وزیر کلچر اور یوتھ شیخ نہیان بن مبارک نے اعلان کیا ہے کہ ابوظبی گروپ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 جنوری 2021 16:30

’امارات کو جدید ترین ریاست بنانے میں پاکستانیوں نے بڑی مدد دی ہے‘
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جنوری2021ء) اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اماراتی وزیر برائے ثقافت، نوجوانان و سماجی ترقی شیخ النہیان بن مبارک نے خوش خبری دی ہے کہ ابوظبی گروپ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے گا۔یہ بات انہوں نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کے دورہ ابوظبی کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے کلچر، یوتھ اور سوشل ڈیویلپمنٹ شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی جس میں یوتھ ایمپاورمنٹ اور کلچر فرنٹ کو مزید مستحکم بنانا زیربحث رہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات کی گئی،متحدہ عرب امارات کے وزیر نے شہریار خان افریدی کی یوتھ کو متحرک رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات کے دوران شیخ نہیان بن مبارک نے وزیرِ اعظم عمران خان کے نام خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر شیخ نہیان نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے شہریار آفریدی سے ملاقات میں کہا کہ امارات اور پاکستان کے تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں۔ ان برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہو گی۔

امارات کے سرمایہ کاری کے سرکاری ادارے ابوظبی گروپ کی جانب سے عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی ۔ اس حوالے سے نیا منصوبہ جلد شروع ہونے والا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات میں رہائش پذیر لاکھوں پاکستانیوں نے اسے ایک جدید ترین مملکت بنانے میں بہت مدد فراہم کی ہے۔شیخ النہیان بن مبارک نے شہریار آفریدی کو یقین دلایا کہ امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں گے۔‘