حکومت نے پٹرول کی قیمت میں دوسری بار اضافہ کرکے عوام پر قیامت ڈھا دی

پھر کہتے کہ اپوزیشن کیا چاہتی ہے؟ اپوزیشن عوام کو آپ کے عذاب سے نجات دلانا چاہتی ہیں، گھر بیٹھ کر عوام پر آپ کے مظالم نہیں دیکھیں گے۔ مرکزی نائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز مہنگائی پر شدید ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 جنوری 2021 17:07

حکومت نے پٹرول کی قیمت میں دوسری بار اضافہ کرکے عوام پر قیامت ڈھا دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جنوری 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں دوسری بار اضافہ کرکے عوام پر قیامت ڈھا دی گئی، اپوزیشن عوام کو آپ کے عذاب سے نجات دلانا چاہتی ہیں، گھر بیٹھ کرعوام پر آپ کے مظالم نہیں دیکھیں گے۔ ٹویٹر پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ اسی ماہ دوسری مرتبہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا، ہر روز مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک نئی قیامت ڈھائی جارہی ہے۔

آپ پوچھتے ہیں کہ اپوزیشن کیا چاہتی ہے؟ اپوزیشن عوام کو آپ کے عذاب سے نجات دلانا چاہتی ہیں۔ کیا ہم گھر بیٹھ کر عوام پر آپ کے مظالم دیکھتے رہیں؟ بالکل نہیں! واضح رہے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ میں دوسری بار اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 20 پیسے اضافے کی منظوری دی ہے۔

اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 13روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 3 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ مزید برآں اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نہانے کے صابن کی قیمت میں ڈیڑھ روپے سے لے کر 7 روپے ۔ کھانے کی سوئیاں کا پیکٹ8 روپے ،بچوں کی34 کے پیک کا ڈائپر60 روپے۔ ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 15 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح 250 ملی لیٹر کے ہینڈ واش کی قیمت میں 15 روپے، ملٹی پرپز کلینر کی قیمت بھی 29 روپے ،جوتوں کی پالش میں10 روپے تک، جوتے چمکانے والی75 ملی لیٹر کے لیکوڈ 12 روپے ، ٹوتھ برش کی قیمت میں بھی 10 روپے اضافہ،  275 ملی لیٹر مائوتھ واش 20 روپے، 225 ملی لیٹر ہینڈ واش 10 روپے تک مہنگا ہوا گیا ہے۔

مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں 5 روپے سے 15 روپے ، 50 گرام انار دانے کی قیمت میں 2 روپے ، 1.4 کلو گرام چائے کے دودھ کی قیمت میں 97 روپے ، ایک کلو کپڑے دھونے کے پاؤڈر کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل پہلے ہی مہنگا کیا جا چکا ہے ۔ قبل ازیں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 22 سے 27 روپے اضافہ کیا گیا تھا ۔ یہی نہیں، سافٹ ڈرنکس کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا اور مشروبات کی 8 سو ملی لیٹر کی بوتل 31 روپے مہنگی ہوئی ۔ 50 گرام مرچ کی قیمت میں 22 روپے اضافہ کیا گیا۔ 50 گرام ادرک کی قیمت میں 12 سے 15 روپے اضافہ ہوا۔اسی طرح بجلی کی قیمت میں بھی ایک روپیہ 90 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے میں با ضابطہ اعلان ایک دو روز میں سامنے آنے کی اُمید ہے۔