محمد علی جناح یونیورسٹی کے سافٹ وئیر اداروں کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط

جمعہ 15 جنوری 2021 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) محمدعلی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو) کی جانب سے گزشتہ روز تین پاکستانی اور انٹر نیشنل سافٹ وئیر ھاوسز سافٹیک ورلڈ وائڈ، ڈیجیٹاپ بزنس سلوشنز اورفیٹرونک آٹو میشن اور بائیو سائینسز کمپنی جے بی سائینٹفک کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے ۔ماجو کے ایک ترجمان کے مطابق ان چار مفاہمتی یاداشت پر دستخط کا مقصد بنیادی، علمی، پراڈکٹ اور ترقیاتی عوامی رسائی کے لیے ان شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے جس میں فریقین مستقبل میں کام کرنے کے خواشمند ہوں تاکہ اس میدان میں ایک ٹھوس فریم ورک کو فروغ دیا جاسکے اورایک دوسرے کے اقدام اور کام کے طریق کار سے فائیدہ اٹھایا جائے تاکہ فریقین سے وابستہ محققین کے مابین تعاون کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان مفاہمتی یاداشتوں میں فریقین کے باہمی اشتراک، تعاون،بات چیت اور ارادوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے جس پر کوئی قانونی پابندی نہیں ہے۔اگر فریقین قانونی پابندیوں کے ساتھ مخصوص مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر راضی ہوں تو انھیں ان منصوبوں کے لئے الگ الگ تحریری معاہدے کرنے ہونگے اور ہر فریق کو اپنا بجٹ بنانا ہوگا۔یہ مفاہمتی یاداشتیں چار سال کے لئے دستخط کی گئی ہیں جن کے اختتام پر فریقین کی رضامندی کے ساتھ توسیع ہوسکے گی۔ مفاہمتی یاداشتوں پر ماجو کی جانب سے انجینئرنگ فیکلٹی کے ڈین پروفیسر، ڈاکٹر عاصم امداد اور سافٹ وئیر اداروں کی جانب سے زاہد شجاع، مدثر حفیظ اور فیضان جاوید کے علاوہ فارموسٹیکل سپلائی کے ادارہ کے ڈاکٹرفرحان بخاری نے دستخط کیے ہیں۔