Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کے دورے کرنے کی ہدایت کردی

انصاف راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سز ا دی جائے، بڑے جرائم پیشہ کو پکڑنے سے چھوٹے سبق سیکھیں گے، پنجاب پولیس کو سیاسی بھرتیوں نے نقصان پہنچایا، امیج بہتر بنایا جائے۔ وزیراعظم کا چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 جنوری 2021 17:50

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کے دورے کرنے کی ہدایت کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جنوری 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کے دورے کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ انصاف راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سز ادی جائے، بڑے جرائم پیشہ کو پکڑنے سے چھوٹے سبق سیکھیں گے،سیاسی بھرتیوں نے پولیس کو نقصان پہنچایا، پنجاب پولیس کا امیج بہتر بنانا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی۔

جس میں وزیراعظم کو پولیس اور انتظامی امور سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، لوگ تب مطمئن ہوں گے جب قانون کی حکمرانی ہوگی۔

(جاری ہے)

عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وسائل بروئے کار لائیں۔

پولیس افسران جرائم کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جس کا لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا، پولیس بلاامتیاز کاروائیاں کریں ، سیاسی اثرورسوخ کو بالکل خاطر میں نہ لائے۔پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اہم پوزیشنوں پر ایماندار افسر لگانے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔

پولیس افسران کی تعیناتیاں میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب تھانوں کے خود دورے کریں۔انصاف کی فراہمی میں حائل اہلکاروں کو کڑی سز ادی جائے۔بڑے جرائم پیشہ کو پکڑیں تو چھوٹے عناصر کیلئے سبق ہوگا۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں پنجاب کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبالہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کو قبضہ مافیا کیخلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2 سال میں 31 ارب کی زمین واگزار کروائی گئی، پولیس اور انتظامیہ نے آپریشن کرکے زمین واگزار کروائی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت قبضہ مافیا کیخلاف اچھا کام کررہی ہے، قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات