Live Updates

بجلی کی طرح وزیر اعظم کا بھی بریک ڈائون ہونیوالا ہے، سینیٹر پروفیسر ساجد میر

ناکام خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا ،تحریک انصاف حکومت نے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی ہے ،سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان

جمعہ 15 جنوری 2021 18:21

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ جس طرح بجلی کا بریک ڈائون ہوا ہے اب ویسے ہی وزیر اعظم عمران خان کا ہونے والا ہے جبکہ ناکام خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی ہے اور ملک معاشی طور پر روز کمزور در کمزور ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ساجد میر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 2018 ء کے انتخابات کے دوران اپنی انتخابی مہم میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہ کیا اور عوام کو مہنگائی و بیروزگاری کے تحفوں کے علاؤہ کچھ بھی نہیں ملا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی لعنت سے پاک کرنے کی بجائے مزید قرضوں کے دلدل میں پھنسا دیاہے اور عوام پر آ ئے روز نت نئے ٹیکس لگا کر عوام کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ سے عوام سفر کرنے سے گریزاں ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور اس کی ٹیم جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کے بے تاج بادشاہ ہیں۔انھوں نے کہا کی بجلی و سوئی گیس کے بلوں کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر ہو گیا کیونکہ اتنی کسی کی آ مدن نہیں ہے جتنا ان کو بل آ جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور عوام اب موجودہ حکمرانوں کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے پوری طرح تیار ہو چکی ہے اور کسی وقت بھی حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا بگل بج سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات