سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال

دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ تک کشمیریوں کی آواز پہنچائیں گے، اسد قیصر،عبدالرشید ترابی

جمعہ 15 جنوری 2021 22:29

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات،مقبوضہ کشمیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات ،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال اس موقع پر ڈائر یکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیاں متحرک کردار ادا کریں گی۔ دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ تک کشمیریوں کی آواز پہنچائیں گے، اسد قیصر نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کشمیر کے حوالے سے متفقہ قرار داد پوری قوم کے جذبات کی ترجمان ہے۔

ہم کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی عوام اور حکومت انکی پشت پر ہیں۔ اسپیکر نے جماعت اسلامی کے رہنماوں کی مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں تجاویز کے بارے میں کہا کہ ان تجاویز سے پارلیمانی کمیٹیز کے سربراہان کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس اور وزارت خارجہ کی سطح پر کشمیر کاز کے لیے کام ہو رہا ہے۔ اسد قیصر نے آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں کے ہمراہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

کشمیر کی سیاسی قیادت سے بھی بات چیت کریں گے۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبد الرشید ترابی نے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ 5 اگست 2019 ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نیا ڈومیسائل قانون لایا ہے۔ 20 لاکھ سے زائدانتہا پسند ہندووں کو بسایا جاچکا ہے۔ بھارت تین چار ملین غیر ریاستی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں بسا کر کشمیر کا مسلم اکثریتی تشخص ختم کرنا چاہتا ہے۔

اس سلسلے میں کام جاری ہے بھارت کا منصوبہ ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے انتخابی نتائج پر بھی اثر انداز ہوا جائے۔ بھارت کشمیر میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا وزیر اعلی لانا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے جنگلات میں آباد مسلمان گجر بکروال قبائل سے 22 ہزار کنال اراضی خالی کرائی جا رہی ہے جبکہ بھارتی فوج کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی علاقے کو دفاعی مقاصد کے لیے اپنے قبضے میں لے سکتی ہے۔

اس سلسلے میں لوگوں کے باغات اور جائیدادوں پر قبضے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے او آئی سی کی سطح پر کشمیریوں کے لیے بھرپور آواز بلند نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے اچھی تقریر کی تھی مگر فالو اپ میں سفارتی سرگرمی کا اہتمام نہیں کیا گیا انہوں نے سپیکر پر زور دیا کہ وہ اپنے آفس کو استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر کی پارلیمنٹس میں کشمیر کاز اجاگر کریں۔

پارلیمانی کشمیر کمیٹی فارن افیئرز کمیٹی اور انسانی حقوق کمیٹی کی سطح پر کشمیر کے لیے سرگرمیاں شروع کی جائیں۔18 ماہ سے بھارتی محاصرے کا شکار کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کے لیے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے کشمیر کی آزادی کا لائحہ عمل طے کر کے عملی اقدامات کیے جائیں ۔