شارجہ جانے والی پرواز کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

نجی ائیرلائن کے طیارے میں اڑان بھرنے کے فوری بعد تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت لینڈ کروا لیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 جنوری 2021 19:14

شارجہ جانے والی پرواز کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جنوری 2021ء) شارجہ جانے والی پرواز کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے شارجہ کیلئے اڑان بھرنے والے مسافر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی ہے۔ ائیرپورٹ حکام کے مطابق جمعہ کے روز نجی ائیرلائن کے طیارے نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کیلئے اڑان بھری تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اڑان بھرنے کے فوری بعد تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔ کنٹرول ٹاور سے ہدایات اور اجازت موصول ہونے کے بعد پائلٹ نے طیارے کا رخ واپس رن وے کی جانب سے موڑ دیا اور پھر طیارے کو بحفاظت لینڈ کروا لیا۔ اس دوران طیارے میں موجود کسی مسافر کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ تکنیکی خرابی دور کرنے کے بعد طیارے کو شارجہ کیلئے دوبارہ روانہ کر دیا جائے گا۔