افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ، پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا،جنرل قمر جاوید باجوہ

پاک افغان بارڈر کنٹرولنگ کے اقدامات کے دور رس نتائج ثابت ہونگے، دیرپا امن و استحکام کیلئے فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ ، سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ ،آرمی چیف کی پشاور کور کے افسران اور جوانوں کی تعریف، ضم شدہ اضلاع میں استحکام پر ایف سی ،پولیس کی کاوشوں کو سراہا

جمعہ 15 جنوری 2021 23:40

افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ، پاکستان بین الافغان مذاکرات ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا ،پاک افغان بارڈر کنٹرولنگ کے اقدامات کے دور رس نتائج ثابت ہونگے، دیرپا امن و استحکام کے لیے فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو صوبے میں سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ سمیت بارڈر پر باڑ لگانے اور ضم شدہ اضلاع میں ایف سی اور پولیس کی استعداد کاربڑھانے کے امور پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران و جوانوں کی قبائلی اضلاع میں امن و استحکام کی کوشش کی تعریف کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف سی اور پولیس کے کردار کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن اور استحکام کو تقویت دینے کے لیے کوششیں ثمر آور ثابت ہوں گی، بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے دور رس نتائج ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصول امن کے لیے سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔