برٹش ائیرویز نے لاہور کیلئے پروازیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کر دی

برطانوی فضائی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے 2 شہروں اسلام آباد اور لاہور کیلئے پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 جنوری 2021 21:55

برٹش ائیرویز نے لاہور کیلئے پروازیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کر دی
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جنوری 2021ء) برٹش ائیرویز نے لاہور کیلئے پروازیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کر دی، برطانوی فضائی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے 2 شہروں اسلام آباد اور لاہور کیلئے پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ائیرلائن برٹش ائیرویز کی جانب سے پاکستان کے شہر لاہور کیلئے پروازیں بند کرنے کی خبروں کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

برٹش ائیرویز حکام نے لاہور کیلئے اپریل کے ماہ سے پروازیں معطل کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے دونوں شہروں لاہور اور اسلام آباد کیلئے برٹش ائیرویز کی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ پروازوں سے متعلق ردو بدل کیا جاتا ہے تو مسافروں کو آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ برٹش ائیرویز نے 12 سال کے وقفے کے بعد گزشتہ برس اگست میں پاکستان کیلئے دوبارہ پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

ابتدائی طور پر برٹش ائیرویز کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ائیرپورٹ سے ہفتہ وار پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 3 پروازیں چلانے کا سلسلہ شروع کیا گیا، بعد ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 5 کر دی گئی۔ پھر اکتوبر 2020 میں برٹش ائیرویز نے پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کیلئے بھی پروازوں کا آغاز کر دیا۔ برطانوی ائیرلائن کی جانب سے لاہور اور برطانیہ کے درمیان ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ سال کرونا وائرس پابندیوں کی وجہ سے کچھ عرصہ کیلئے برٹش ائیرویز کی پاکستان کیلئے پروازیں بند ہوئی تھیں، تاہم بعد ازاں پابندیوں کے خاتمے کے بعد برٹش ائیرویز کی پاکستان کیلئے پروازیں معمول کے مطابق بحال ہوئیں، جو اب تک جاری ہیں۔ ایک ایسا وقت جب پی آئی اے پر یورپ میں پروازیں آپریٹ کرنے پر پابندی عائد ہے، ایسے میں پاکستانیوں کیلئے برٹش ائیرویز کی پروازیں کے ذریعے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان آمد و رفت آسان ہوئی ہے۔