مریم اورنگزیب نے ہمیں کبھی 5 روپے نہیں دئیے

آپ کو 50 کروڑ روپے دے ہی نہ دیں، شہزاد اکبر کی جانب سے دعویٰ دائر کرنے پر رانا ثناء اللہ کا طنزیہ جواب

ہفتہ 16 جنوری 2021 00:29

مریم اورنگزیب نے ہمیں کبھی 5 روپے نہیں دئیے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2021ء) شہزاد اکبر کی جانب سے دعویٰ دائر کرنے پر رانا ثناء اللہ کا طنزیہ جواب۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر کی جانب سے لیگی خاتون رہنما مریم اورنگزیب کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے، جس پر ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ لیگی رہنما کہتے ہیں مریم اورنگزیب نے ہمیں کبھی 5 روپے نہیں دئیے، آپ کو 50 کروڑ روپے دے ہی نہ دیں۔

معافی مریم اورنگزیب نہیں مانگیں گی، اب آپ کا وقت معافی مانگنے کا ہے۔ رانا ثناء اللہ مزید کہتے ہیں کہ پروپیگنڈے پر بنائی گئی حکومت پروپیگنڈے سے چلائی جارہی ہے۔ اللہ کرے کبھی سلیکٹڈ کی بھی لیز کی طرح ضبط کی خبر آئے،سلیکٹڈ کو لیز پر چلایا جارہا ہے، لیز پر طیارے بھی ضبط ہورہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں پینڈنگ پڑا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن 2018 کے انتخابات کرانے میں بری طرح ناکام ہوا ہے، آنے والا سال الیکشن کا سال ہے، الیکشن صاف شفاف ہوں گے۔

حکومت چلانے والے پیچھے ہٹیں تو حکومت ایک ہفتہ نہیں چل سکتی۔ مریم نوازپنڈی کے کسی مقام سے کارکنوں کے ہمراہ الیکشن کمیشن آفس پہنچیں گی، ہم نے فارن فنڈنگ پر جواب جمع کرادیا ہے، آپ بھی جواب دیں۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ پنڈی کی طرف کرنے کا کہا ہے فیصلہ نہیں کیا، لانگ مارچ کے مقام کا فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوگا۔ جب ہم نے جلسوں کا آغاز کیا تو کہتے تھے یہ جلسے نہیں کرسکتے، ہم نے جلسے کرکے دکھائے، عوام نے بھرپور پذیرائی کی۔ اب لانگ مارچ میں بھی مریم نواز کی قیادت میں پورا پنجاب چلے گا، لانگ مارچ اور استعفوں کا آپشن ہے اسی طرح تحریک عدم اعتماد کا بھی آپشن ہے۔