300 ارب روپے کا اسکینڈل،سرکاری افسر 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا

ایکسائز کے افسر عدیل امجد کی اسپیشل جج اینٹی کرپشن نے ضمانت منظور کرلی، ملزم 300 ارب روپے کے اسکینڈل میں نامزد تھا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 16 جنوری 2021 00:30

300 ارب روپے کا اسکینڈل،سرکاری افسر  2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2021ء) لاہور کے اینٹی کرپشن عدالت میں اسپیشل جج نے 300 ارب روپے کے ایک اسکینڈل میں نامزد ایکسائز کے افسر عدیل امجد کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیشل جج اینٹی کرپشن نے ایکسائز کے ایک افسر کو 2 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے ملزم ایکسائز افسر عدیل امجد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اس کیس میں 5 ڈائریکٹرز، 3 ای ٹی اوز، 6 ڈی ای اوز سمیت 18 افسران کے خلاف مقدمہ درج ہے، محکمہ ایکسائز نے 4397 گاڑیوں کےگم شدہ ریکارڈ کا تصدیقی لیٹر اینٹی کرپشن کو ارسال کیا تھا۔ عدالت نے 300 ارب روپے کے اسکینڈل میں گرفتار ملزم کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے آج صبح 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ وارنٹ گرفتاری جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے جاری کیے گئے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل لاہور نے عدالت سے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔