جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

آخری مرتبہ جنوبی افریقی ٹیم 2007ء میں پاکستان آئی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 جنوری 2021 10:41

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان پہنچ گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل وقفے کے بعد سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی۔ جنوبی افریقہ کا 38 رکنی سکواڈ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا ۔
پروٹیز کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا،دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیسٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی میچز قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں 11، 13 اور 14 فروری کو ہوںگے۔ پروٹیز کھلاڑی اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کریںگے جس کے بعد انہیں ٹریننگ اور انٹرا سکواڈ پریکٹس میچز کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

دورہ پاکستان میں پروٹیز ٹیم کو سرکاری مہمان کے مساوی سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے، آخری مرتبہ جنوبی افریقہ 2007ء میں پاکستان آئی تھی ، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز ہوتی رہی ہیں اور پاکستان نے اس دوران جنوبی افریقہ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی۔ 1995ء کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں سے 7 میں جنوبی افریقہ جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ۔