قائد ن لیگ نواز شریف کا دورہ سعودی عرب کا فیصلہ

نواز شریف سعودی عرب میں دو تین ہفتے قیام کریں گے، سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 16 جنوری 2021 10:49

قائد ن لیگ نواز شریف کا دورہ سعودی عرب کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف چند روز تک سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف جو قریبا ایک سال سے لندن میں قیام پذیر ہیں چند روز بعد کچھ دن کے لیے سعودی عرب جا رہے ہیں۔ان کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب میں دو تین ہفتے قیام کریں گے اور واپس لندن چلے جائیں گے۔

سعودی عرب میں وہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔اپنے قیام کے دوران وہ سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔قبل ازیں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مستقل طور پر سعودی عرب میں قیام کی پیشکش کی ہے شاہ سلمان نے نواز شریف کو سعودی عرب آنے اور ملاقات کی دعوت کا پیغام بھجوایا ہے اور کہا ہے کہ اگر نواز شریف مستقل طور پر سعودی عرب رہنا چاہیں تو سعودی عرب ان کا خیر مقدم کرے گا۔

(جاری ہے)

قوی امکان ہے کہ نواز شریف مستقل طور پر نہ سہی لیکن عمرہ کی ادائیگی اور سعودی حکمراںوں شاہ سلمان اور محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔دورے کے پیش نظر نواز شریف کے سٹاف افسر، حسین نواز کے ذاتی دوست ، اسکول فیلو ود دیگر سٹاف کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ نواز شریف کی حسین نواز کی رہائش گاہ قیام کے انتظامات میں مصروف ہیں۔

سعودی عرب دورے کے دوران نواز شریف کا مسکن اپنے بیٹے حسین نواز کا گھر ہو گا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزارت خارجہ نے بھی نواز شریف کو سنگل دے دیا ہے کہ آپ اپنا علاج مکمل ہونے تک لندن میں پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے کے باوجود رہ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نواز شریف سعودی حکمرانوں سے ملاقات،عمرہ کے لیے سعودی عرب ضرور جائیں گے لیکن مستقل رہائش لندن میں ہی رکھیں گے۔آخری آپشن کے طور پر امریکا منتقلی پر غور کیا گیا ہے تاہم اس کے امکانات کم ہیں لیکن انکے ذاتی اور کاروباری دوست شیخ سعید ممکنہ انتظامات کے لیے منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔