مسلمان کرکٹر محمد سراج سے شائقین کی پھر بدسلوکی، نازیبا جملے کستے رہے

فاسٹ بائولر کو شائقین کی جانب سے کیڑہ اور شیراج کے ناموں سے پکارا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 جنوری 2021 12:56

مسلمان کرکٹر محمد سراج سے شائقین کی پھر بدسلوکی، نازیبا جملے کستے رہے
برسبین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء ) سڈنی ٹیسٹ میں نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانے کے بعد برسبین میں بھی بھارتی مسلمان کرکٹر محمد سراج کو شائقین کی جانب سے نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ گابا ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران شائقین کی جانب سے محمد سراج کے بارے میں انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال ہوا اور آسٹریلین تماشائی انہیں کیڑہ کہہ کر پکارتے رہے۔

آسٹریلوی اخبار نے سٹیڈیم میں موجود ایک شخص کا حوالے دے کر لکھا کہ اس نے لوگوں کو چلاتے ہوئے سنا جو محمد سراج اور آف سپنر واشنگٹن سندر کو بیہودہ الفاظ سے پکار رہا تھا۔ شائق نے کہا کہ ان کے قریب بیٹھا ایک شخص مسلمان کرکٹر کو بالکل اسی انداز میں مسلسل نسلی تعصب کا نشانہ بناتا رہا اور جملے کستا رہا جیسے سڈنی ٹیسٹ میں نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا لیکن اس میں فرق اتنا تھا کہ وہ سراج کی بجائے ’شیراج شیراج‘ کہہ کر نامناسب الفاظ کا استعمال کررہا تھا ۔

(جاری ہے)

بائونڈری لائن پر کھڑے کسی بھارتی کھلاڑی نے شائقین کی باتوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی بھارتی ٹیم کی جانب سے شائقین کے رویے پر امپائرز کو کوئی شکایت درج کروائی ۔ یاد رہے کہ کورونا پابندیوں کی وجہ سے برسبین کے گابا سٹیڈیم میں شائقین کی تعداد محدود ضرور تھی مگر پھر بھی 12 ہزار سے زائد افراد میچ دیکھنے سٹیڈیم آئے تھے۔