پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

عدالت عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی مناسبت سے قیمتوں کا تعین کرنے کا حکم دے۔ درخواستگزار کی استدعا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 جنوری 2021 12:57

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء) : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومتی اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی۔ درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، جبکہ اس کے برعکس پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پہلے بھی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔ درخواستگزار کے مطابق پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 سے متصادم ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی اس درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی مناسبت سے قیمتوں کا تعین کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت قیمتوں پر اضافی ٹیکسس کو ختم کرنے اور کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا بھی حکم دے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے اضافہ کیا گیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق گذشتہ رات 12 بجے سے کر دیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے کے خلاف عوام نے بھی آواز اُٹھائی اور کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی عوام پر حکومت مسلسل بجلی اور پٹرول بم گرا رہی ہے ، حکومت کو چاہئیے کہ مہنگائی اور کورونا کے اس دور میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرے نا کہ عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالے۔