حکومت کا غریب کو ختم کرنے کا پورا پورا پلان تیار ہے، قمر زمان کائرہ

الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے ا حتجاج میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں شرکت کرے گی ، گفتگو

ہفتہ 16 جنوری 2021 13:21

حکومت کا غریب کو ختم کرنے کا پورا پورا پلان تیار ہے، قمر زمان کائرہ
کرمانوالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کا غریب کو ختم کرنے کا پورا پورا پلان تیار ہے،آ ٹا چینی گیس بجلی اور پٹرول بم روزانہ گرائے جارہے ہیں ،عوام کو یہ کس بات کی سزا دی جارہی ہے، حکومتیں عوام کی سہولت کے پروگرام بناتی ہیں یہ حکومت عوامی مشکلات کے پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔

وہ سابق وفاقی پارلیمانی سیکریٹری و ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ چوہدری سجاد ا لحسن سے لاہور میں ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت آ ئے روز غریبوں پر مہنگائی کے بم گرارہی ھے جس دن غریب نے بم گرایا اس دن حکومت کا سیاسی جنازہ نکل جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامی کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہے کہ ہمارے برادر اسلامی ملک ملائشیاء نے لیز قسط کی عدم ادائیگی پر پاکستانی طیارہ وہیں روک لیا اور مسافروں کو آ ف لوڈ کردیا حکومت کو پھر بھی شرم نہیں آتی یہ حکومت بے شرموں کا ٹولہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے ا حتجاج میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں شرکت کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ پی پی کی تمام قیادت موجود ہو گی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔انھوں نے کہا کہ حکومتی معاونین کے استعفے آ نے شروع ہو چکے ہیں ،ندیم افضل کے بعد تارے بھی باہر نکلیں گے۔