علیم ڈار پہلی بار پاکستان میں کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 26 جنوری سے کراچی میں شروع ہورہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 جنوری 2021 14:06

علیم ڈار پہلی بار پاکستان میں کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کااعلان کردیا، علیم ڈار پہلی بار پاکستان میں کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ فیلڈ امپائر احسن رضا اور میچ ریفری محمد جاوید ملک بھی ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 26 جنوری سے کراچی میں شروع ہورہی ہے۔

ایلیٹ پینلسٹ علیم ڈار نے 2003ء میں ڈھاکہ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے ریکارڈ 132 ٹیسٹ میں امپائرنگ کی ہے جب کہ احسن رضا اب تک 37 ون ڈے اور 57 ٹی ٹونٹی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل کے رکن جاوید ملک نے 10 ون ڈے اور چھ ٹی ٹونٹی میچوں میں ریفری کے فرائض سرانجام دے رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

آصف یعقوب اور راشد ریاض بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے، جاوید ملک دونوں ٹیسٹوں کے لئے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے جاوید ملک میچ ریفری کی حیثیت سے برقرار رہیں گے جبکہ علیم ڈار اور احسن رضا پہلے میچ میں بطور امپائر خدمات سر انجام دیں گے جب کہ ٹی وی امپائر شوزیب رضا ہوں گے اورچوتھے امپائر کے طور پر آصف یعقوب خدمات سرانجام دیں گے۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میں شوزیب رضا اور آصف یعقوب فیلڈ امپائر ہوں گے جب کہ احسن رضا تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے جب کہ تیسرے ٹی ٹونٹی کے لئے علیم ڈار اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ احسن رضا تھرڈ امپائر اور شوزیب رضا فورتھ امپائر کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔