کاشتکار سبزیوں کی نرسریوں کو کورے سے بچائیں،محکمہ زراعت

ہفتہ 16 جنوری 2021 14:30

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2021ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ کاشتکار سبزیوں کی نرسریوں کو کورے سے بچانے کیلئے نرسریوں کے کھیتوں کے شمال مغربی جانب سرکنڈہ یاسرکیاں لگائیں 'پلاسٹک کی شیٹ میسرہو تو اس سے ہر روز شام کو نرسری ڈھا نپ دیں اورصبح9بجے پلاسٹک اتاردیں یاباریک سریئے کی60سینٹی میٹر اونچی کمانیں بناکر چھوٹی سرنگ کی شکل بنالیں اور اس کے اوپر پلاسٹک ڈالیں 'شمال کی طرف سے پلاسٹک کا کنارہ مٹی میں دبادیں اور جنوبی کنارہ کھلارکھیں تاکہ پانی لگانے یا گوڈی وغیرہ کرتے وقت اسے اوپر اٹھایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ رات کے وقت اس کنارے پر اینٹ رکھ کر اس کو بندکردیں'اگرنرسری میں کہیں بیماری نظرآئے تو اس کاپانی فوراً روک دیں اور بیمار مرجھائے ہوئے پودوں کو جڑ سے اکھاڑ کر گڑھے میں دبادیں' پھپھوندکش زہرکا سپرے تنے اور تنے کی گردوالی زمین پر کریں اور جہاں سے پودے اکھاڑے جائیں وہاں پر بھی سپرے کریں'نرسری کا قد4تا5سینٹی میٹڑہونے تک زمین و ترحالت میں رہے اور اس کے بعد آبپاشی کا وقفہ حسب ضرورت بڑھادیں۔

متعلقہ عنوان :