استعفوں اور لانگ مارچ کی فلاپ فلم پر پی ڈی ایم میں صف ماتم بچھی ہے‘فردوس عاشق اعوان

منافقین کا ٹولہ استعفے کبھی نہیں دے گا، چور اور لٹیرے لانگ مارچ نہیں کرسکتے‘معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 16 جنوری 2021 14:50

استعفوں اور لانگ مارچ کی فلاپ فلم پر پی ڈی ایم میں صف ماتم بچھی ہے‘فردوس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استعفوں اور لانگ مارچ کی فلاپ فلم پر پی ڈی ایم میں صف ماتم بچھی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اب ہر کوئی اپنی ہانک رہا ہے۔

(جاری ہے)

فردوس اعوان نے کہا کہ راجکماری، شہزادے اور مولانا میں پھوٹ پڑچکی ہے اور راجکماری، شہزادے اور مولانا میں جلد جوتیوں میں دال بٹے گی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ منافقین کا ٹولہ استعفے کبھی نہیں دے گا، چور اور لٹیرے لانگ مارچ نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والوں کا تو اپنا لونگ گواچ چکا ہے، یہ لوگ ضمنی الیکشن بھی لڑیں گے اور سینیٹ الیکشن میں بھی حصہ لیں گے۔ڈاکٹر عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام سیاسی مسخروں کی قلابازیوں پر لوٹ پوٹ ہورہے ہیں، پی ڈی ایم عناصر کو شرم سے ڈوب مرجانا چاہیے، کرونا پر منفی اور انتشار کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوچکا ہے۔