محمد فاروق حیدر علم دوست انسان ہیں،ڈاکٹرمحمودالحسن راجہ

خطہ میں فروغ تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور،ٹھوس اور مثالی اقدامات کئے جا رہے ہیں،شعبہ میں بہتری کیلئے اقدامات سے تعلیمی انقلاب برپا ہوگا، رہنماء (ن) لیگ آزاد کشمیر

ہفتہ 16 جنوری 2021 14:51

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئررہنما،سیکرٹری(ر)ڈاکٹرمحمودالحسن راجہ نے کہاہے کہ آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ایک علم دوست انسان ہیں،خطہ میں فروغ تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور،ٹھوس اور مثالی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری، سکولوں و کالجوں کی تعداد میں اضافہ اور اپ گریڈیشن،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوںکی تعدا د میں اضافہ،ٹیکنکل تعلیم کے لیے ٹیوٹا کے ذریعے آئی ٹی کا فروغ سمیت متعدد اقدامات حکومت آزاد کشمیرکی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،شعبہ میں بہتری کیلئے اقدامات سے تعلیمی انقلاب برپا ہوگا، شعبہ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے حکومت آزاد کشمیرد ن رات کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا انہوںنے حکومت آزادکشمیرکی طرف سے تعلیمی ادارہ جات کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ شعبہ تعلیم کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے،تعلیم کی بدولت ہی اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیا جاسکتا ہے،تعلیم ایک ایسا زیو ر ہے جو کسی کی میراث نہیں ہے بلکہ ہر کسی کا بنیاد ی حق ہے۔تعلیم ہی انسان کو معاشرے کے اصول و ضوابط و تمیز سکھاکر ایک تہذیب و اخلاق،چال وچلن،شائستگی کا نیا روپ دے کراُس کو ایک ان پڑھ سے منفرد اور ممتاز کرتی ہے۔

ان کے دل میں تعلیم کی اہمیت عیاں ہے اس لیے وہ ہمہ وقت شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے متحرک رہتے ہیںانہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارہ جات کوجدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے ایک منظم و ٹھوس پالیسی اپنائی ہے جس میں شعبہ تعلیم میں متعدد انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکیا جارہا ہے یہ اقدامات تعلیمی شعبے کی ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے یقیناایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گے انسان دوست معاشرے اورتیز رفتار ترقی کا ہدف فروغ تعلیم سے ہی ممکن ہے غربت،جہالت، بے روزگاری سے نبرد آزما ہونے اوران کے خاتمہ کے لیے فروغ تعلیم ہے۔

اس لیے ہی حکومت آزاد کشمیرنے تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے تاکہ تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکر کے تعلیمی شعبے کی ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کو ممکن بنا جاسکے۔ حکومت آزاد کشمیرکے شعبہ تعلیم کے لیے اٹھائے گئے اقدامات یقینا خراج تحسین کے مستحق ہے۔