سفاری پارک سے 4 قیمتی کالے ہرن چوری کر لیے گئے

ہرن جہاں سے چوری ہوئے وہاں 2 ملازم صبح جب کہ 2 شام کے وقت ڈیوٹی پر ہوتے ہیں، ہرن ملازمین کی ملی بھگت سے چوری ہونے کا شبہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 16 جنوری 2021 14:42

سفاری پارک سے 4 قیمتی کالے ہرن چوری کر لیے گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء) :لاہور کے سفاری پارک سے 4 قیمتی کالے ہرن چوری کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ روز واقع وائلڈ لائف سفاری پارک سے چار قیمتی ہرن چوری کر لیے گئے ہیں۔لاہور کے رائیونڈ پر واقع سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ زاہد نے بتایا کہ چند روز قبل ان کی والدہ کی وفات ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ چھٹی پر تھے۔

اس دوران سپروائزر نے انہیں فون پر بتایا کہ چار مادہ کالے ہرن چوری ہو گئے ہیں۔جس احاطے سے ہرن چوری ہوئے وہاں 2 ملازم صبح جب کہ 2 شام کے وقت ڈیوٹی پر ہوتے ہیں جب کہ رات کے وقت سیکیورٹی سپروائزر ہوتا ہے،انہیں شبہ ہے کہ ہرن ملازمین کی ملی بھگت سے چوری ہوئے ہیں اس لیے ان کے خلاف رائیوینڈ تھانہ سٹی میں نامزد مقدمہ درج کروایا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی چڑیا گھر سے جانور چوری کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

گذشتہ سال وہاڑی کے چڑیا گھر سے محکمہ وائلڈ لائف کی انتظامیہ اور ملازمین کی مبینہ غفلت کے باعث 6 قیمتی کالے ہرن چوری ہوگئے تھے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے 2 ملازمین کو معطل کردیا تھ۔ وہاڑی چڑیا گھر کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث 6 کالے ہرن چوری کر لیے گئے ہیں جس میں اعلیٰ نسل کے قیمتی کالے ہرن شامل تھے۔ ہرن ملحقہ ہاکی گراؤنڈ کی دیوار میں نقب لگا کر چوری کیے گئے، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف آفیسر ملتان نے چڑیا گھر کے 2 ملازمین کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیا تھا جبکہ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر میاں منیر احمد کی مدعیت میں 8 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں مبینہ 8 ملزمان میں میلسی اور خانیوال کے دو بریڈنگ فارمز کے لوگ شامل ہیں جن میں میلسی مہر حبیب، ارشد عرف جھارا، عمران میو، شبیر عرف چینی، سید محسن عباس خانیوال سے اشفاق ،شبو ہراج اور جمیل عرف چینی شامل ہیں۔ ان مبینہ ملزمان کے خلاف ایک مقدمہ زیر دفعات 379,411 تھانہ سٹی وہاڑی میں درج کر لیا گیا۔