الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کی مخالفت کر دی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی ریفرنس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 جنوری 2021 15:29

الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کی مخالفت کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2021ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے سے متعلق صدارتی ریفرنس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنا جواب سجیل شہریار سواتی کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کروایا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کروائے جانے والے جواب میں کہا گیا کہ سینیٹ کا الیکشن آئین کے تحت کروایا جاتا ہے، سینیٹ کے الیکشن پر بھی آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت خفیہ ووٹنگ کا اطلاق ہوتا ہے۔آرٹیکل 226 واضح ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی کے علاوہ تمام انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہونگے، آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینیٹ انتخابات کا ذکر ہے، آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے اور اس میں صرف وزیراعلی اور وزیراعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے جواب میں کہا کہ انڈین آئین میں سیکرٹ بیلٹ کا ذکر موجود نہیں اور بھارتی عدالتوں نے انڈین آئین میں سیکرٹ بیلٹ کے ذکر موجود نہ ہونے پر انحصار کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں دائر ریفرنس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 1985ء سے آج تک سینیٹ کے ہر انتخابات کے بعد اوپن بیلٹ کی بحث چھڑی ہے۔

کسی کو اوپن بیلٹ پر اعتراض نہیں، آئین و قانون کی تشریح عدلیہ کا اختیار ہے۔ تین روز قبل سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی تھی۔ اس سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے ججز نے اہم ریمارکس دیئے تھے ۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہم آئین کے محافظ ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خفیہ ووٹنگ میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینا بے ایمانی ہو گی جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت عدالت سے کیوں رائے مانگ رہی ہے، پارلیمنٹ سے رجوع کرے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 226 کا اطلاق ہو تو مخصوص نشستوں کے انتخابات ہو ہی نہیں سکتے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں بھی سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کی مخالف ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں بالخصوص پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے پر شدید تحفظات ہیں۔