کل جماعتی حریت کانفرنس کی اقوام متحدہ ، اوآئی سی سے تنازعہ کشمیر حل کرنے کی اپیل

بھارتی پولیس نے پلوامہ میں پانچ بے گناہ کشمیری نوجوان گرفتارکرلئے

ہفتہ 16 جنوری 2021 17:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیرکو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے بھارت پر اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شوپیاں اور سرینگر میں جعلی مقابلوں میں 6 نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عالمی برادری کے لئے چشم کشا ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی جیسی انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ٹیموں کو مقبوضہ جموںوکشمیر کا دورہ کرنے اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ حریت رہنماجاوید احمد میر نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے طویل عرصے سے زیر التوا تنازعہ کشمیرکے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

دریں اثناء جموںوکشمیر پیپلز لیگ نے بھارتی فوجیو ں کی طرف سے گائو کدل قتل عام اور اس طر ح کے دیگر المناک واقعات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے سرینگر کے علاقے مندر باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی فوجیوں نے 21جنوری 1990ء کو سرینگر کے علاقے گائو کدل میں پر امن مظاہرین پر فائر نگ کر کے پچاس سے زائد بے گناہ شہریوں کوشہید جبکہ سینکڑوںد کوزخمی کیاتھا۔

بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے گلشن پورہ میں کئی مقامات پر چھاپے مار کر پانچ نوجوان گرفتار کر لیے ۔ پولیس نے گرفتارنوجوانوںجہانگیر احمد پرے ، اعجاز احمد پرے ، توصیف احمد لون ، سبزار احمد بٹ اور قیصر احمد ڈار کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیا ن میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل مقبوضہ علاقے میں گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیا ن میں پارٹی چیئرمین نعیم احمد خان اور دیگر سینکڑوں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظر بند ی پر شدید تشویش کااظہار کیا۔