بااثر قبضہ مافیا،بدنام زمانہ بدمعاشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لاہور پولیس کی حالیہ کاروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کے احساس تحفظ میں اضافہ ہوا ہے،سی سی پی او لاہور

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 16 جنوری 2021 17:59

بااثر قبضہ مافیا،بدنام زمانہ بدمعاشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے بااثر قبضہ مافیا،بدنام زمانہ بدمعاشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لاہور پولیس کی حالیہ کاروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کے احساس تحفظ میں اضافہ ہوا ہے۔شہر کو امن دشمن اشتہاریوں اور غنڈہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے خصوصی مہم آئندہ بھی اسی زور و شورسیجاری رہے گی۔

لاہور پولیس اشتہاریوں، غنڈا عناصر اور جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں عمل میں لا رہی ہے۔ لاہور پولیس نے گذشتہ رات بھی اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوٴن کیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی سمیت سنگین وارداتوں میں مفرور ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر جاری کریک ڈاوٴن کے تحت تین روز کے دوران مجموعی طور پر 206 مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ 289 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔کاروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سیآٹھ عدد اے کے47, 98بڑی رائفلیں،127پسٹلز بھی برآمد، 4989 گولیاں برآمدہوئیں۔ چھاپوں کے دوران دہشت گردی و سنگین جرائم کے اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ با اثر قبضہ مافیا، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کسی بھی دباو میں آئے بغیرکارروائیاں جاری رہیں گی۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ اشتہاریوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف زمین تنگ کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن غنڈہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے شہر بھر میں کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔

بدمعاش،رسہ گیروں اور غنڈہ عناصر کی شہر میں کوئی جگہ نہیں، غلام محمود ڈوگر نے ایک بار پھر رسہ گیروں،بدمعاشوں اور جرائم پیشہ افراد کو وارننگ دی کہ شہر میں رہنا ہے تو مہذب شہریوں کی طرح رہا جائے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس مربوط اصلاحات اور کوارڈینیشن کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔