الیکشن کمیشن اور جماعت اسلامی کی سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت

ہفتہ 16 جنوری 2021 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) الیکشن کمیشن اور جماعت اسلامی نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت کردی ہے۔عدالت عظمیٰ میں جمع کرائے گئے جواب میں الیکشن کمیشن نے موقف اپنایا ہے کہ آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے،صرف وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔بھارتی آئین میں سیکرٹ بیلٹ کا ذکر موجود نہیں ہے،انڈین عدالتوں نے انڈین آئین میں سیکرٹ بیلٹ کے ذکر موجود نہ ہونے پر انحصار کیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے اپنے تحریری جواب میں موقف اپنایا ہے کہ اوپن بیلٹ کیلئے صرف قانون نہیں آئین میں بھی ترمیم کرنا ہوگی ، سینیٹ انتخابات کیسے کرانے ہیں فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنے دیا جائے،سینیٹ انتخابات پر آئین کے آرٹیکل 226 کا اطلاق ہوتا ہے،سینیٹ امیدواروں کو صادق اور امین ہونا چاہئے،ووٹ خریدنے والا امیدوار صادق اور امین نہیں ہوسکتا،اراکین اسمبلی کی صوابدید ہے وہ ووٹ کس کو دیں،اس سے قبل جے یو آئی ف بھی اوپن بیلٹنگ کی مخالفت کر چکی ہے۔جماعت اسلامی نے اپنے جواب میں عدالت سے صدارتی ریفرنس کا جواب دینے کے بجائے واپس بھیجنے کی استدعا بھی کی ہے۔